اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اعجاز الاحسن کو سپریم کورٹ کا جسٹس اور جسٹس سید منصور علی شاہ کو عدالت عالیہ لاہور کا نیا چیف جسٹس بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی ترکی سے واپسی پر جوڈیشل کمیشن منظوری دیگا۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے سپریم کورٹ میں ججز کیساتھ مشاورت مکمل کر لی ہے جس کی روشنی میں موجودہ چیف جسٹس اعجاز الاحسن کو سپریم کورٹ میں خالی آسامی پر تعینات کیا جائے گا۔ ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس سید منصور علی شاہ کو عدالت عالیہ کا نیا چیف جسٹس بنایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے جسٹس سید منصور علی شاہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی ترکی سے یکم مئی کو واپسی کے بعد جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں فیصلے کو حتمی شکل دی جائیگی۔ جسٹس سید منصور علی شاہ کو ملکی عدلیہ میں قابل ترین ججز میں شمار کیا جاتا ہے۔ ڈبل پنشن کیس، مریم نواز کیس، سگنل فری کوریڈور سمیت مفاد عامہ کے لاتعداد فیصلوں کی وجہ سے بھی جسٹس سید منصور علی شاہ کو سیاسی، سماجی اور قانونی حلقوں میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ جسٹس سید منصور علی شاہ کے چیف جسٹس بننے سے لاہور ہائیکورٹ میں انتظامی امور کی صورتحال کو بہتر اور بدترین مسائل کا شکار ماتحت عدلیہ کو بہتری کی راہ پر گامزن کرنے کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
.......
/169